اہم خبریں

بھارت میں بڑا سانحہ،25 افراد جان سے گئے،جا نئے تفصیلات

گوا ( اے بی این نیوز     )بھارتی ریاست گوا کے ساحلی علاقے میں واقع ایک معروف نائٹ کلب میں آگ بھڑک اٹھنے سے ملازمین اور سیاحوں سمیت 25 افراد ہلاک ہو گئے۔ واقعہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب کلب میں ایک بالی وڈ اسپیشلسٹ ڈی جے پرفارم کر رہا تھا اور معمول سے زیادہ ہجوم موجود تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کچن میں گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی، جو چند ہی لمحوں میں پوری عمارت میں پھیل گئی۔ حکام کے مطابق 3 افراد جھلسنے سے جبکہ دیگر دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوئے۔ وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں 3 سے 4 غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں جبکہ 6 زخمی افراد کی حالت اب بہتر ہے۔

پولیس اور ایمرجنسی اہلکاروں نے بتایا کہ زیادہ تر لاشیں کچن کے قریب ملی ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ عملے کے ارکان متاثرہ افراد میں زیادہ تھے۔ علاقے میں موجود ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اچانک دھماکے اور چیخوں نے ماحول میں خوف پھیلا دیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے کلب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ بجھانے کے بعد فائر فائٹرز اور ریسکیو ٹیمیں عمارت کے ملبے کی چھان بین کرتی رہیں تاکہ آگ کی اصل وجہ اور جانی نقصان کی درست تفصیل معلوم کی جا سکے۔ کلب کے اطراف بھاری سیکیورٹی تعینات کی گئی، جبکہ داخلی دروازے بند کر دیے گئے۔

بی بی سی کے مطابق کلب کے اندر جلی ہوئی کرسیاں، میزیں اور دیگر چیزوں کے پگھلے ہوئے باقیات واضح طور پر دکھائی دیتے تھے۔ ایک شیف نے بتایا کہ وہ اس کلب کے کئی ملازمین کو جانتا تھا اور کچھ کے فون بند ہونے کی وجہ سے وہ شدید پریشان ہے۔

وزیراعلیٰ گوا نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس حادثے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں :سہیل آفریدی نے ڈی چوک جا نے کی کال کا عندیہ دیدیا

متعلقہ خبریں