ابوظہبی(اے بی این نیوز) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں قومی دن 2025 کے موقع پر عوام کو ایک ساتھ چار چھٹیاں ملیں گی، جس سے شہریوں میں خوشی اور جوش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کا قومی دن یکم اور 2 دسمبر کو منایا جائے گا، اس موقع پر حکومت نے سرکاری سطح پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
یو اے ای میں ہفتہ اور اتوار کو عام طور پر ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے، جبکہ یکم اور دو دسمبر کو پیر اور منگل کی تعطیلات ہوں گی، جس کے نتیجے میں شہریوں کو چار روز کا وقفہ ملے گا۔
وزارت تعلیم نے بھی سرکاری اور نجی اسکولوں میں یکم اور دو دسمبر کو 2 روزہ تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ قومی دن کی تقریبات میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
54 ویں عید الاتحاد کے طور پر منائے جانے والے قومی دن کے موقع پر امارات بھر میں خصوصی تقریبات، جلوس، روشنیوں کی نمائش اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ سرکاری دفاتر اور وفاقی وزارتیں چار روز کیلئے بند رہیں گی، جس کے باعث شہری اور اہلکار دونوں اس لمبے وقفے سے مستفید ہوں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال بھی امارات نے سرکاری اور نجی شعبے کیلئے تعطیلات کے شیڈول کی منظوری دی تھی، جس میں عیدالفطر، عید الاضحی، یوم عرفہ، نئے ہجری سال، 12 ربیع الاول، قومی دن اور سال نو کی تعطیلات شامل ہیں۔
شہریوں نے حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس چار روزہ وقفے سے وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزار سکیں گے اور قومی دن کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منائیں گے۔
مزید پڑھیں۔فیڈرل ڈائریکٹوریٹ نے آف ایجوکیشن موسمِ سرما کے پیشِ نظر اسکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کر دی















