رومانیہ(اے بی این نیوز)رومانیہ نے منگل کی صبح اپنی فضائی حدود میں ڈرونز کی دراندازی کے بعد فوری ردِعمل دیتے ہوئے لڑاکا طیارے روانہ کردیئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارتِ دفاع نے جاری بیان میں کہا کہ ایک ڈرون اب بھی ملک کے اندرونی حصے کی جانب بڑھ رہا تھا۔
بیان میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر جرمن فضائی نگرانی مشن کے تحت تعینات دو یورو فائٹر طیاروں کو روانہ کیا گیا جنہوں نے جنوب مشرقی کاؤنٹی تُلسیا میں ایک ڈرون کا سراغ لگایا، جو بعد میں واپس یوکرین کی جانب مُڑ گیا۔بعد ازاں ریڈار پر دوسری خلاف ورزی ظاہر ہونے پر رومانیہ کی فوج نے دو ایف-16 لڑاکا طیارے بھی روانہ کیے۔ وزارت کے مطابق یہ ڈرون گالاتسی کاؤنٹی سے اندرونی علاقے ورانچا کی سمت بڑھ رہا تھا۔ حکام نے تینوں متاثرہ کاؤنٹیز کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر پناہ لینے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ یورپی یونین اور نیٹو رکن رومانیہ کی یوکرین کے ساتھ 650 کلومیٹر طویل زمینی سرحد ہے، اور روس کی جانب سے دریائے ڈینیوب کے پار یوکرینی بندرگاہوں پر حملوں کے بعد سے اس کی فضائی حدود میں متعدد بار ڈرونز کی دراندازی اور ملبہ گرنے کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔حالیہ ماہ میں یورپ کے مشرقی سرحدی علاقوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
جہاں متعدد نیٹو ممالک کی فضائی حدود میں مبینہ روسی ڈرونز کی خلاف ورزی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ رومانیہ نے امن کے دوران بھی ڈرون مار گرانے کی اجازت دینے والا قانون نافذ کر رکھا ہے، تاہم ابھی تک اس اختیار کا استعمال نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں۔اسلام آباد خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور تربیت کے حوالے سے گرفتار دہشت گرد کے ہوشربا انکشاف















