دبئی(اے بی این نیوز)دبئی ایئر شو 2025 میں بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں نے نہ صرف پاکستانی پویلین کا دورہ کیا بلکہ پاکستانی طیاروں اور دفاعی ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی بھی دکھائی۔
پاکستانی حکام کے مطابق بھارتی فضائیہ کے اہلکار پویلین کے معائنے کے دوران جے ایف 17 تھنڈر کے قریب رک گئے اور طیارے کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بھارتی اہلکاروں کو روایتی چائے کی پیشکش بھی کی، مگر انہوں نے شکریہ کے ساتھ معذرت کرتے ہوئے صرف پانی پر اکتفا کیا۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ مہمان آجائیں تو خوش آمدید کہنا ہماری روایت ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں بھارتی پائلٹس کو جے ایف 17 کے ڈسپلے ایریا میں مسکراتے ہوئے تصویریں بناتے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردِعمل سامنے آئے ہیں۔
ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک بھارتی صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا، “پائلٹ ایک ساتھ ہنس سکتے ہیں لیکن کرکٹرز ہاتھ نہیں ملا سکتے؟”
فیس بک پر ایک پاکستانی صارف نے تبصرہ کیا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ پیشہ ورانہ انداز میں مہمانوں کا استقبال کرتی ہے اور انہیں ‘فینٹاسٹک ٹی’ پیش کرنے میں کبھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتی۔
مزید پڑھیں۔جے یو آئی رہنماؤں کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان















