بھارت(اے بی این نیوز)بھارتی شہر پونے کے ایک شخص نے اپنی بیوی کو قتل کر کے لاش جلادی، اور بعد میں خود ہی اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔ پولیس نے تفتیش کے دوران اس کے فون اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پورا معاملہ کھل کر سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 42 سالہ کاروباری شخص کو شبہ ہوا کہ اس کی بیوی، جو ایک اسکول ٹیچر تھی، کسی اور شخص سے تعلق رکھتی ہے، جب اس نے بیوی سے بات کی تو اس نے تعلق ختم کرنے سے انکار کر دیا۔
غصے اور انتقام کے جذبے میں آکر، اس شخص نے قتل کے طریقے سیکھنے کے لیے کرائم ناولز پڑھنا اور مرڈر مِسٹری فلمیں دیکھنا شروع کر دیں۔
پولیس انسپکٹر نیلیش بادکھ کے مطابق، ملزم نے تقریباً ایک ماہ تک قتل کی منصوبہ بندی کی، اس نے شہر کے قریب ایک گودام 18 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر حاصل کیا، جو مین روڈ سے تقریباً 2 کلومیٹر دور تھا۔ اس نے وہاں ایک لوہے کا ڈبہ تیار کروایا اور ساتھ ہی لکڑی کے دو تھیلے جمع کر رکھے تاکہ منصوبہ مکمل کر سکے۔
26 اکتوبر کو بیوی کو صلح کے بہانے ڈرائیو پر لے گیا۔ راستے میں اسے اسٹریٹ فوڈ کھلایا اور پھر کسی بہانے سے اسے گودام میں لے آیا۔
پولیس کے مطابق، جب وہ کھانا کھا رہی تھی، ملزم نے اسے گلا دبا کر قتل کیا، پھر لاش کو لوہے کے ڈبے میں رکھ کر آگ لگا دی اور راکھ کو قریب کی ندی میں پھینک دیا۔
بعد میں اس نے ڈبہ صاف کر کے کباڑیئے کو فروخت کر دیا۔
گھر واپس آ کر وہ ایسا ظاہر کرنے لگا جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ دو دن بعد اس نے بیوی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی اور بار بار پولیس اسٹیشن آ کر تحقیقات میں دلچسپی ظاہر کرنے لگا۔
ابتدائی طور پر پولیس الجھن میں تھی، لیکن CCTV فوٹیج اور کال ریکارڈز نے آخرکار سچ ظاہر کر دیا۔ پولیس کے مطابق، انہی شواہد نے ہمیں کیس حل کرنے میں مدد دی۔
مزید پڑھیں۔بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل اور سی ای او مستعفی















