اہم خبریں

ایلون مسک دنیا میں سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے آدمی بن گئے

امریکہ(اے بی این نیوز)ٹیسلا (Tesla) کے بانی اور سی ای او ایلون مسک کو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا کارپوریٹ تنخواہ کا پیکیج مل گیا۔

ان کی کمپنی کے 75 فیصد شیئر ہولڈرز نے بھاری ووٹوں سے اس پیکج کی منظوری دی جس کے بعد ایلون مسک کی تنخواہ ایک کھرب امریکی ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

ٹیکساس کے شہر آسٹن میں منعقدہ سالانہ اجلاس میں ایلون مسک رقص کرتے اسٹیج پر روبوٹس کے ساتھ پرجوش انداز میں وارد ہوئے، اور کہا کہ “ہم صرف ٹیسلا کا نیا باب نہیں بلکہ پوری ایک نئی کتاب شروع کرنے جا رہے ہیں۔”

یہ تاریخی ووٹ اس وقت آیا ہے جب ایلون مسک، جو پہلے ہی دنیا کے امیر ترین شخص ہیں، ٹیسلا کو محض ایک الیکٹرک گاڑی بنانے والی کمپنی سے مصنوعی ذہانت (AI) اور روبوٹکس کی عالمی طاقت میں بدلنے کے مشن پر ہیں۔

ٹیسلا کے بورڈ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایلون مسک کو یہ پیکیج نہ ملا تو وہ کمپنی چھوڑ سکتے ہیں۔ کچھ سرمایہ کاروں نے اسے “غیر ضروری اور مہنگا” قرار دیا، مگر اکثریت نے اسے ایلون مسک کو برقرار رکھنے اور طویل مدتی ترقی کے لیے ضروری سمجھا۔

ایلون مسک کے مطابق اگلے چند سالوں میں کمپنی کی توجہ خودکار گاڑیوں، روبوٹیکسی نیٹ ورک اور ہیومنائیڈ روبوٹس پر ہوگی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ٹیسلا اپریل میں اپنی دو نشستوں والی “سائبر کیب” روبوٹیکسی کی پیداوار شروع کرے گی اور نیا روڈسٹر اسپورٹس کار بھی متعارف کرائے گی۔

تنخواہ کے پیکج میں کیا کچھ شامل؟

اس پیکیج کے تحت ایلون مسک کو آئندہ 10 سال میں 12 فیصد تک ٹیسلا کے شیئرز مل سکتے ہیں، جن کی مالیت تقریباً 1 کھرب ڈالر بنتی ہے۔

لیکن عملی طور پر یہ رقم 878 ارب ڈالر کے قریب ہوگی، کیونکہ اس میں موجودہ شیئر ویلیو کو منہا کیا جائے گا۔

ایلون مسک کو ہر کامیاب ہدف پر کمپنی کے 1 فیصد شیئرز ملیں گے۔ یعنی اگر وہ تمام اہداف حاصل کر لیں تو مکمل پیکیج اُن کے نام ہوگا۔ ان اہداف میں شامل ہیں:

سالانہ 20 ملین گاڑیوں کی ترسیل
ایک ملین روبوٹیکسیز کا نیٹ ورک
ایک ملین ہیومنائیڈ روبوٹس کی فروخت
400 ارب ڈالر کا خالص منافع
اور ساتھ ہی کمپنی کی مجموعی مالیت کو 2 کھرب سے بڑھا کر 8.5 کھرب ڈالر تک لے جانا۔

سرمایہ کاروں کے خدشات

کچھ بڑے سرمایہ کاروں، جن میں ناروے کا خودمختار فنڈ اور ایڈوائزری فرمز Glass Lewis و ISS شامل ہیں، نے ایلون مسک کی تنخواہ بڑھانے کی مخالفت کی، تاہم زیادہ تر سرمایہ کاروں نے اس کی حمایت کرتے ہوئے اسے “طویل مدتی فائدے کا ضامن” قرار دیا۔

ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے مسک کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی xAI میں سرمایہ کاری کی بھی منظوری دی، تاہم کئی بڑے سرمایہ کاروں نے ووٹنگ سے اجتناب کیا، تاکہ شفافیت اور نگرانی کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

ایلون مسک نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ “دیگر کمپنیوں کے اجلاس میں تو نیند آجاتی ہے، مگر ہمارا تو زبردست شو ہے۔ دیکھو، یہ سب کچھ کتنا شاندار ہے۔”

مزید پڑھیں۔خیبرپختونخوا: نیب نے کوہستان میگا کرپشن سیکنڈل کے مزید 4 ملزم گرفتار کرلیے

متعلقہ خبریں