اہم خبریں

موٹرسائیکل پر بچوں کے ساتھ سفرپر22 ہزار روپے کا چالان

ممبئی (اے بی این نیوز)بھارت میں ایک شخص کو ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی مہنگی پڑ گئی، موٹرسائیکل پر 6 بچوں کو بٹھانے پر 7 ہزار بھارتی روپے (تقریباً 22 ہزار 269 پاکستانی روپے) کا بھاری چالان کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع ہاپوڑ میں پیش آیا، جہاں ٹریفک پولیس اہلکار معمول کی چیکنگ کر رہے تھے کہ اچانک ایک موٹرسائیکل پر 7 افراد کو سوار دیکھا گیا۔

موٹرسائیکل پر ایک شخص اپنے 6 بچوں کے ساتھ سفر کر رہا تھا، جس پر پولیس اہلکار دنگ رہ گئے۔پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے اپنی اور بچوں کی جان کو شدید خطرے میں ڈالا، نہ ہی ہیلمٹ پہنا ہوا تھا اور نہ ہی حفاظتی اصولوں کا خیال رکھا گیا تھا۔

اس سنگین خلاف ورزی پر پولیس نے متعدد دفعات کے تحت 7 ہزار روپے کا چالان جاری کیا۔یہ منظر وہاں موجود لوگوں نے اپنے کیمروں میں محفوظ کر لیا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں ایک ٹریفک اہلکار بائیک سوار کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑا نظر آتا ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگی کو خطرے میں نہ ڈالیں اور ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کریں، تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں