فرانس(اے بی این نیوز)فرانس کی جانب سے قطر اور متحدہ عرب امارات کو جدید رافیل لڑاکا طیاروں کی فروخت نے بھارت کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان معاہدوں کے بعد بھارتی فضائیہ کو خدشہ ہے کہ رافیل طیاروں کی حساس ٹیکنالوجی ایسے ممالک کے پائلٹس کے ذریعے افشا ہو سکتی ہے جو بھارت کے “اسٹریٹیجک حریف” سمجھے جاتے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ قطر اور یو اے ای نے اپنے فضائیہ کے طیاروں پر پاکستانی اور ترک پائلٹس کو تربیت دینے کی اجازت دے رکھی ہے، جس سے بھارت کے لیے سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
یورپی دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق فرانس کی “نرم برآمدی پالیسی” دراصل ان حساس دفاعی ٹیکنالوجیز کو ان ممالک تک پہنچا رہی ہے جو یا تو نیٹو کے باہر ہیں یا بھارت کے ممکنہ حریف تصور کیے جاتے ہیں۔
بھارتی دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ فرانس کو اس امر کا ادراک ہونا چاہیے کہ رافیل طیاروں کی ٹریننگ یا آپریشن میں پاکستانی پائلٹس کی شمولیت سے بھارت کے لیے بڑے چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارتِ دفاع اس معاملے پر فرانس سے سفارتی سطح پر بات چیت کرنے پر غور کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج سے ہوگا















