اسلام آباد (اے بی این نیوز)مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ سیاہ بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ دن کشمیری عوام سے یکجہتی، بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اسلام آباد میں دفترِ خارجہ سے ڈی چوک تک مرکزی یکجہتی واک کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ شاہراہِ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور ڈی چوک کے اطراف میں کشمیر بنے گا پاکستان کے بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ وزارتِ امورِ کشمیر و گلگت بلتستان، وزارتِ اطلاعات، دفترِ خارجہ، سیفران، پی ٹی اے اور اسلام آباد پولیس سمیت تمام ادارے اس مہم میں بھرپور انداز میں شریک ہیں۔
ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں، سیمینارز، تصویری نمائشیں اور واکس کا انعقاد ہو گا۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے بھارتی ریاستی جبر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مہم بھی جاری ہے۔ اسلام آباد، مظفرآباد، کراچی، لاہور اور پشاور میں ہزاروں افراد کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے جذبات پیش کریں گے۔
وفاقی دارالحکومت کی اہم عمارتیں، چوراہے اور سڑکیں یومِ سیاہ کے پوسٹرز اور فلیکسز سے سجا دی گئی ہیں۔ پیر کی صبح 10 بجے کشمیری شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ تعلیمی اداروں میں بھی تقریبات اور آگاہی پروگرام ہوں گے تاکہ طلبہ کو کشمیر کاز کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔
گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں میں قومی یکجہتی کا تاریخی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق، آزادی، دلائے جانے میں کردار ادا کرے۔
مزید پڑھیں : فتنۂ خوارج اور ان کے بھارتی سرپرستوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،صدرِ مملکت















