اہم خبریں

سمندری طوفان ،درخت جڑوں سے اکھڑ گئے،چھتیں اڑگئیں،سکولز اور سرکاری دفاتر بند ،پروازیں منسوخ

فلپائن( اے بی این نیوز       )فلپائن کے ساحلی علاقوں کو تباہ کن سمندری طوفان ’’راگاسا‘‘ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔ طوفان کے ساتھ چلنے والی 295 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی طوفانی ہواؤں نے گھروں کی چھتیں اڑا دیں، درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے اور متعدد علاقے ملبے کا منظر پیش کرنے لگے۔ حکام کے مطابق اب تک دس ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ ملک بھر میں اسکولز اور سرکاری دفاتر بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ طوفان اپنی سمت بدلتے ہوئے اب چین کی طرف بڑھ رہا ہے، جہاں پہلے ہی ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ صوبہ گوانگ ڈونگ میں تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ معطل کر دی گئی ہے، جبکہ نشیبی اور ساحلی علاقوں سے تقریباً چار لاکھ افراد کے انخلا کا عمل جاری ہے۔

ہانگ کانگ میں بھی شدید الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ایئرلائنز نے طوفان کی آمد سے پہلے ہی پانچ سو سے زائد پروازیں منسوخ کر دیں جبکہ دبئی کی اماراتی ایئرلائن نے بھی تین دن کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث نقصان میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ رواں سال غیر معمولی موسم کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے جس کے تحت ریکارڈ توڑ سردی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :عام تعطیل کا اعلان،جا نئے کب

متعلقہ خبریں