نیویارک ( اے بی این نیوز)نیویارک میں اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کے دوران ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ہٹانے کی قرارداد مسترد کر دی گئی۔ اس ووٹنگ میں 4 ممالک نے قرارداد کے حق میں جبکہ 9 نے مخالفت میں ووٹ دیا، جب کہ 2 رکن ممالک نے رائے دہی میں حصہ ہی نہیں لیا۔ اس فیصلے کے بعد ایران پر موجودہ اقتصادی پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔
بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے حق میں آنے والے ووٹ قرارداد کو منظور کروانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئے، اور اکثریت نے اس اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ان پابندیوں کا برقرار رہنا ضروری ہے۔ ایران پر پہلے ہی جوہری پروگرام اور خطے میں اس کے کردار کو لے کر شدید تنقید جاری ہے، اور کئی ممالک اسے عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں۔