کھٹمنڈو ( اے بی این نیوز ) نیپال نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کرنے کا اعلان کیا ہے جو حکومت کی رجسٹریشن شرائط پوری نہیں کر رہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ جعلی خبروں، نفرت انگیز مواد اور بڑھتے ہوئے سائبر کرائمز پر قابو پانے کے لیے کیا گیا ہے۔ وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کمپنیوں کو بدھ تک رجسٹریشن کی ڈیڈلائن دی تھی، جس کے تحت ہر پلیٹ فارم کو ایک مقامی نمائندہ، شکایات کے ازالے کے لیے افسر اور خود احتسابی کے لیے ذمہ دار مقرر کرنا ضروری ہے۔
وزارت نے بتایا کہ TikTok، Viber، WeTalk، Nimbus اور Popo Live نے ضابطے کے مطابق رجسٹریشن کرا لی ہے، لیکن فیس بک اور دیگر بڑی ایپس نے ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ اس کے بعد حکومت نے نیپال ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو حکم دیا کہ غیر رجسٹرڈ پلیٹ فارمز تک عوامی رسائی فوری طور پر بند کر دی جائے۔ وزیر برائے مواصلات پرتھوی سبھا گورینگ کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کو کئی بار موقع دیا گیا، لیکن بار بار نظر انداز کرنے کے بعد یہ فیصلہ کرنا پڑا۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں سوشل میڈیا ریگولیشن سخت ہو رہا ہے۔ امریکہ، یورپی یونین، برازیل اور آسٹریلیا نے پہلے ہی آن لائن پلیٹ فارمز کے لیے سخت قواعد بنا دیے ہیں، جبکہ بھارت نے مقامی نمائندہ اور مواد ہٹانے کے نظام کو لازمی قرار دیا ہے۔ چین طویل عرصے سے سخت سنسر شپ اور لائسنسنگ کے اصولوں پر عمل کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں :حقائق کبھی چھپائے نہیں جا سکتے، چاہے وہ کڑوے ہی کیوں نہ ہوں،خواجہ آصف