اہم خبریں

چین کے DF-5C میزائل نے امریکہ اور بھارت کو خبردار کر دیا،پوری دنیا نشانے پر

بیجنگ (اے بی این نیوز) چین نے دنیا کو حیران کرتے ہوئے جدید ترین بین البراعظمی ایٹمی میزائلDF-5C متعارف کرا دیا ہے، جو بیک وقت کئی اہداف کو نشانہ بنانے اور دنیا کے کسی بھی مقام تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ طاقتور میزائل دوسری جنگ عظیم میں فتح کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ شاندار فوجی پریڈ کے دوران پہلی بار عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔ DF-5C مائع ایندھن سے چلنے والا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) ہے، جس کی رینج 20 ہزار کلومیٹر سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ اس رینج کے باعث یہ میزائل دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود ہدف کو باآسانی تباہ کر سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق DF-5C کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اسے تین حصوں میں تقسیم کر کے مختلف گاڑیوں کے ذریعے منتقل کیا جا سکتا ہے، جس سے لانچ کی تیاری میں لگنے والا وقت کم ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ میزائل جوہری، روایتی اور ڈمی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو دشمن کے دفاعی نظام کو دھوکہ دینے اور ناکارہ بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

یہ میزائل آواز کی رفتار سے کئی گنا زیادہ تیزی کے ساتھ پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کے باعث موجودہ ایئر ڈیفنس سسٹمز کے لیے اسے روکنا تقریباً ناممکن ہے۔ DF-5C نہ صرف ایک ساتھ کئی اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے بلکہ انتہائی جدید گائیڈنس ٹیکنالوجی اور چین کے اپنےBeidou نیویگیشن سسٹم سے لیس ہے، جو ہدف پر غیر معمولی درستگی کے ساتھ وار کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

عسکری تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ DF-5C کی شاندار خصوصیات اور طویل رینج اس بات کی واضح علامت ہیں کہ چین اب دنیا میں کسی بھی ممکنہ جوہری یا روایتی خطرے کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت حاصل کر چکا ہے۔

مزید پڑھیں :سیدعاصم منیر کب تک آرمی چیف رہیں گے،راناثنااللہ نے بتا دیا،جا نئے

متعلقہ خبریں