تل ابیب (اے بی این نیوز)یمن کے وزیراعظم احمد الراہوی اور وزرا کی شہادت کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے اعزالدین القسام بریگیڈزکے ترجمان ابو عبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ایک فضائی کارروائی کے دوران غزہ سٹی کے شمالی علاقے میں ابو عبیدہ کو ہدف بنایا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ حملہ انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد کیا گیا اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کارروائی95 فیصد کامیاب رہی ہے۔ اسرائیل کےچینل 12کے مطابق اگر ابو عبیدہ واقعی اس عمارت میں موجود تھے تو ان کے بچنے کا کوئی امکان نہیں۔
ابو عبیدہ کو حماس کے سب سے نمایاں اور پراسرار رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے، جو کئی برسوں سے اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی ہلاکت کی باضابطہ تصدیق تاحال حماس نے نہیں کی، جس کے باعث غزہ میں غیر یقینی کی فضا قائم ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی ذرائع نے القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی تصدیق کردی۔العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ایک فلیٹ کو نشانہ بنایا جس میں ابو عبیدہ موجود تھے، اور اس فضائی حملے میں اپارٹمنٹ میں موجود تمام افراد شہید ہو گئے، فلسطینی ذریعے نے مزید کہا کہ ابو عبیدہ کے اہلِ خانہ اور القسام قیادت نے لاش کی شناخت کے بعد ان کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔
مزید پڑھیں :سکولوں کی تعطیلات میں اضافہ