اہم خبریں

ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسی،ہزاروں طلبا کے ویزے منسوخ

واشنگٹن (اے بی این نیوز)ٹرمپ انتظامیہ نے سخت امیگریشن پالیسی کے تحت رواں سال اب تک 6 ہزار سے زائد غیر ملکی طلبا کے ویزے منسوخ کر دیئےہیں۔ زیادہ تر ویزے قانون شکنی، غیر قانونی قیام میں توسیع، اور مختلف جرائم کے باعث منسوخ کیے گئے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق تقریباً 4 ہزار طلبا کے ویزے مختلف خلاف ورزیوں کی وجہ سے منسوخ کئےگئے، جن میں شراب اور منشیات کے زیرِ اثر ڈرائیونگ، چوری اور دیگر جرائم شامل تھے، جب کہ 200 سے 300 ویزے دہشت گردی کی حمایت کے الزامات پر منسوخ ہوئے۔

محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ بعض ویزے امریکی خارجہ پالیسی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے باعث بھی منسوخی کی زد میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں سوشل میڈیا کی سخت جانچ پڑتال اور اسکریننگ سسٹم کو بھی مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ انہوں نے ’سیکڑوں یا شاید ہزاروں لوگوں کے ویزے‘ منسوخ کیے ہیں، جن میں بڑی تعداد طلبہ کی بھی ہے کیونکہ وہ ایسی سرگرمیوں میں شامل تھے جو ’امریکی مفادات اور پالیسی کے خلاف‘ تھیں۔
مزید پڑھیں: شدید بارش نے نامور اداکار کو بھی نہ بخشا،امیتابھ بچن کا بنگلہ پانی میں ڈوب گیا

متعلقہ خبریں