الاسکا(اے بی این نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کی الاسکا میں اہم ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر سے سربراہی ملاقات میں ’بڑی پیشرفت‘ ہوئی لیکن یوکرین جنگ کے حوالے سے کوئی معاہدہ طے نہیں پایا۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق الاسکا میں ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جب تک معاہدہ نہ ہو، تب تک کوئی معاہدہ نہیں ہوتا۔ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان بات چیت 3 گھنٹے جاری رہی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے بنیادی اسباب کو ختم کیا جائے۔
انہوں نے الاسکا کے شہر اینکریج میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یوکرین کی صورتحال کا تعلق ہماری سلامتی کو درپیش بنیادی خطرات سے ہے۔پیوٹن کا مزید کہنا تھا کہ روس، یوکرین میں جاری صورتحال کا خاتمہ چاہتا ہے، لیکن ہم اس بات پر قائل ہیں کہ اس تنازع کے دیرپا اور مستقل حل کے لیے ضروری ہے کہ اس کے تمام بنیادی اسباب کو ختم کیا جائے۔
مزید پڑھیں: پاکستان بھر میں 911 ہیلپ لائن فعال کردی گئی