الاسکا ( اے بی این نیوز )الاسکا میں عالمی سیاست کے اہم موڑ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی طیارہ ایئر فورس ون پہنچ چکا ہے، جہاں ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات طے ہے۔ روانگی سے قبل طیارے میں امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی چاہتے ہیں اور اگر ملاقات مثبت نہ رہی تو وہ بلا جھجک اجلاس سے اٹھ کر چلے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ملاقات کو کامیاب بنانے کے لیے کیا شرائط پوری ہونی چاہئیں، لیکن اگر آج جنگ بندی نہ ہوئی تو یہ ایک مایوس کن لمحہ ہوگا۔
ادھر روسی صدارتی محل کریملن نے واضح کیا ہے کہ سہ فریقی اجلاس، جس میں امریکہ، روس اور یوکرین شامل ہوں، اسی وقت ممکن ہے جب الاسکا میں ہونے والی ٹرمپ اور پیوٹن کی ملاقات عملی نتائج دے۔ کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت چھ سے سات گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے اور اس ملاقات کے بعد ہی آئندہ کے سفارتی راستے کا تعین ہوگا۔
یہ ملاقات نہ صرف روس اور امریکہ کے تعلقات میں نئے موڑ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے بلکہ یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے لیے بھی ایک فیصلہ کن موقع سمجھی جا رہی ہے۔ دنیا بھر کی نظریں الاسکا پر جمی ہوئی ہیں جہاں یہ اعلیٰ سطحی مذاکرات عالمی امن کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں :پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ کے پی کے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے وقف کر دی