اہم خبریں

بھارت میں تفریح خوفناک حادثے میں بدل گئی

نیو دہلی (اے بی این نیوز)بھارت میں تفریح خوفناک حادثے میں بدل گئی، اسکائی سوئنگ جھولے پر سوار ایک خاتون کی سیفٹی بیلٹ ہوا میں ہی کھل گئی اور وہ تقریباً 30 فٹ کی بلندی پر ایک گھنٹے سے زائد تک لٹکی رہیں۔

خاتون کے اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ جھولا چلانے والے نشے میں تھے اور کسی قسم کے حفاظتی انتظامات موجود نہیں تھے، آخرکار ایک بہادر نوجوان نے اوپر چڑھ کر انہیں بچایا۔

یہ چونکا دینے والا منظر کیمرے میں قید ہو گیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی غم و غصے کا سبب بن گیا۔انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون جھولے کے ایک کیبن سے گرنے کے بعد نیچے لٹکی ہوئی ہیں اور دونوں ہاتھوں سے نیلے رنگ کے کیبن کے نچلے حصے کو پکڑ رکھا ہے، شروع میں جھولا زمین کے قریب آتا ہے لیکن فوراً ہی الٹی سمت میں گھومنے لگتا ہے۔

اسی دوران ایک سرخ شرٹ پہنا نوجوان تیزی سے جھولے پر چڑھتا ہے، ساتھ والے کیبن پر پہنچ کر خاتون کا ہاتھ پکڑتا ہے اور سہارا دیتے ہوئے انہیں نیچے موجود گلابی کیبن میں سرکا دیتا ہے، جہاں وہ محفوظ طریقے سے بیٹھ جاتی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ چھتیس گڑھ کے بھاتاپارا میں مینا بازار کے دوران پیش آیا، جب خاتون جھولے پر سوار تھیں اور توازن کھو بیٹھیں۔ واقعے کے بعد جھولے کی حفاظتی معیارات اور قانونی تقاضوں کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
مزید پڑھیں: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بحریہ ٹائون کی جائیداد نیلامی کا کیس سننے سے معذرت کرلی

متعلقہ خبریں