بھارت(اے بی ا ین نیوز)بھارت کے دارالحکومت دہلی کے ڈپلومیٹک انکلیو ایریا میں کانگریس کی خاتون رکن اسمبلی سے رہزنی کی واردات پیش آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پیر کے روز کانگریس کی خاتون رکن اسمبلی سدھا رام کرشنن دہلی کے ہائی سکیورٹی زون ڈپلومیٹک ایریا میں مارننگ واک کررہی تھیں کہ اس دوران ایک اسکوٹی سوار شخص نے ان سے سونے کی چین چھین لی جب کہ واقعے کے دوران خاتون رکن اسمبلی کو چوٹیں بھی آئیں۔
رپورٹ کے مطابق خاتون نے بتایا کہ وہ صبح 6 بجے کے بعد پولینڈ ایمبیسی کے قریب واک کررہی تھیں تو اس دوران اسکوٹی سوار ہیلمٹ پہنا ایک شخص آہستہ آہستہ ان کے قریب آیا، انہیں اس پر کوئی شک نہیں ہوا تاہم قریب آکر اس شخص نے ان کے گلے سے سونے کی چین کھینچی جس سے ان کی گردن پر چوٹ آئی۔
رکن اسمبلی نے اس واقعے پر بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر شکایت کی اور کہا کہ سفارتخانوں کے ہائی سکیورٹی والے علاقے میں خاتون ممبر پارلیمنٹ پر یہ حملہ انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی عورت بھارتی دارالحکومت میں اس ہائی سکیورٹی زون میں محفوظ طریقے سے نہیں چل سکتی تو ہم کہاں محفوظ محسوس کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں۔بیرسٹر گوہر کا عمران خان کی رہائی کے بغیر پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان