اہم خبریں

سعودی عرب خوفناک ٹریفک حادثہ ، 7پاکستانی جاں بحق، 6 شدید زخمی

جدہ ( نیوز ڈیسک)سعودی عرب میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں عمرہ ادائیگی کیلئے گئے پاکستانی خاندان کے سات افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد پاکستانی خاندان ٹریفک حادثے کا شکار ہوگیا۔

قافلے میں شامل 13 افراد عرفات سے مدینہ منورہ کی طرف روانہ تھے کہ راستے میں پیش آنے والے حادثے نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔

حادثے میں 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 6 شدید زخمی ہیں جو سعودی عرب کے اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

جاں بحق افراد میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں اور تمام کا تعلق عمر باچا کے خاندان سے بتایا جاتا ہے

خاندانی ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ سعودی عرب میں ہی آج رات ادا کی جائے گی، جبکہ زخمیوں کی حالت پر قریبی رشتہ دار اور دوست احباب تشویش میں مبتلا ہیں۔

سعودی عرب میں حادثے کا شکار خاندان بونیر کے علاقے ڈاگئی خدوخیل کا رہائشی ہے اور عمر باچا خاندان کے افراد 11 روز قبل سعودی عرب گئے تھے۔

یاد رہے وزارت مذہبی امور نے گزشتہ ماہ سعودی عرب میں حج 2025 کے دوران 10 مرد اور 8 خواتین سمیت 18 پاکستانی حاجیوں کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔

وزارت کے ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر بزرگ افراد تھے، جن میں دل کا دورہ پڑنا اور دیگر صحت کے مسائل موت کی بنیادی وجوہات ہیں۔

وزارت نے مزید کہا تھا کہ تمام جاں بحق ہونے والے حاجیوں کو جنت البقیع میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ اس سال مرنے والوں کی تعداد 2024 کے مقابلے میں نمایاں کمی کی نشاندہی کرتی ہے، جب 35 پاکستانی عازمین حج کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں‌:فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، وفاقی وزیر داخلہ

متعلقہ خبریں