اہم خبریں

دبئی میں 17 ہزار سے زائد نوکریوں کا اعلان

دبئی( اے بی این نیوز) ایمرٹس گروپ نے دبئی وژن (D33) کے تحت دنیا بھر میں 17 ہزار 300 نئی ملازمتوں کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر فضائی خدمات فراہم کرنے والے ادارے ایمرٹس گروپ نے آئندہ سال کے دوران 17 ہزار 300 نئی ملازمتوں پر بھرتی کا اعلان کیا۔ ان بھرتیوں کا مقصد دبئی کے وژن ڈی تھرٹی تھری (D33) کی تکمیل ہے۔

ایمرٹس کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق بھرتیوں کا عمل دنیا کے 150 شہروں میں 21 سو سے زائد تقریبات کے ذریعے تکمیل کیا جائے گا۔ نئی ملازمتیں ایمرٹس ایئرلائن دناتا اور گروپ کے دیگر شعبہ جات میں دستیاب ہوں گی۔

ترجمان کے مطابق کیبن کریو، پائلٹ، انجینئرز، آئی ٹی، فنانس، انسانی وسائل، کسٹمر سروس اور گراؤنڈ آپریشنز سمیت مختلف شعبوں میں بھرتیاں کی جائیں گی۔ دناتا گروپ کی جانب سے 4 ہزار سے زائد ماہرین زمینی خدمات کے لیے منتخب کیے جائیں گے۔

چیئرمین و چیف ایگزیکٹو شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا ہے کہ ایمرٹس گروپ بہترین صلاحیتوں کے حامل افراد کو اپنی ٹیم کا حصہ بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گروپ نے 2022ء سے اب تک 41 ہزار افراد کو ملازمتیں مہیا کی ہیں۔

ملازمین کو ملنے والی مراعات میں ٹیکس فری تنخواہ، نیز بچوں کی تعلیم میں معاونت اور تربیتی مواقع شامل ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار گروپ کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر آن لائن درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں