کمبوڈیا(اے بی این نیوز)تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی افواج کے درمیان مشترکہ سرحد کے متنازع علاقے میں جھڑپوں کے دوران شہریوں سمیت کئی افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تھائی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا نے حملوں میں اسپتال سمیت شہری علاقوں کو نشانہ بنایا، کمبوڈین فوج کے حملوں میں جانی نقصان اور ہلاکتیں ہوئیں۔
تھائی وزارت صحت کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ کمبوڈین فوج کے حملوں میں 11 افراد ہلاک ہوئے جبکہ سرحد پر کمبوڈیا کے ساتھ جھڑپوں میں ایک فوجی ہلاک ہوا۔تھائی فوج کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا سے کشیدگی پر سرحدی علاقے میں ایف 16 جنگی طیارے پہنچا دیے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تھائی فوج کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا کی افواج نے پہلے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جب کہ کمبوڈیا کی وزارت دفاع نے کہا کہ ان کی افواج نے دفاع میں کارروائی کی، کیوں کہ وہ پہلے حملے کی زد میں آئیں۔
اطلاعات کے مطابق سرحد کے کئی مقامات پر لڑائی جاری ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان ایک طویل عرصے سے جاری سرحدی تنازع کا حصہ ہے، اور یہ تنازع ایک بار پھر مئی میں شدت اختیار کر گیا تھا۔
تھائی لینڈ نے کمبوڈیا سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے، کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا کر تمام تھائی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
چین کو جھڑپوں پر ’گہری تشویش‘، بات چیت پر زور
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکو نے معمول کی پریس کانفرنس کے دوران تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی سرحد پر ہونے والی پیش رفت پر چین کی گہری تشویش کا اظہار کیا، اور امید ظاہر کی کہ دونوں فریق بات چیت اور مشاورت کے ذریعے مسائل کو مناسب طریقے سے حل کریں گے۔
گو نے مزید کہا کہ چین کشیدگی میں کمی کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرے گا، اور اس بات پر زور دیا کہ بیجنگ ایک منصفانہ اور غیر جانبدارانہ مؤقف کو برقرار رکھتا ہے۔
کمبوڈیا کا سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ
کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہُن مانیت نے ایک خط میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی اپیل کی ہے، یہ خط اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمائندے عاصم افتخار احمد کے نام تحریر کیا گیا، جو جولائی میں سلامتی کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں، اس ماہ صدارت پاکستان کے پاس ہے۔
ہُن مانیت نے اپنے خط میں کہا کہ تھائی لینڈ کی حالیہ انتہائی سنگین جارحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، جس نے خطے کے امن کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے، آپ سے مخلصانہ درخواست کرتا ہوں کہ سلامتی کونسل کا ایک فوری اجلاس بلایا جائے تاکہ تھائی لینڈ کی جارحیت کو روکا جا سکے۔
یہ خط کمبوڈیا کے وزیر اعظم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شائع کیا گیا۔
مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روک سکتے ، ترجمان پاک فوج