نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارت کو بین الاقوامی سطح پر ایک اور دفاعی دھچکا اُس وقت لگا جب برازیل نے بھارت سے اس کے تیار کردہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے آکاش میزائل سسٹم کی خریداری کے لیے جاری مذاکرات اچانک روک دیے۔ بھارتی اخبار ”اکنامک ٹائمز“ کی رپورٹ کے مطابق برازیل نے مذاکرات معطل کرنے کے بعد یورپی میزائل سسٹم کو ترجیح دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق برازیل کی جانب سے فیصلہ میزائل کی کارکردگی اور تکنیکی خصوصیات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ بھارتی آکاش میزائل کی رینج 25 سے 30 کلومیٹر کے درمیان ہے، جبکہ یورپی میزائل سسٹم کی مار 45 کلومیٹر تک ہے، جو برازیل کی دفاعی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرتا ہے۔
یہ پیشرفت بھارت کے لیے نہ صرف معاشی نقصان کا باعث بن سکتی ہے بلکہ دفاعی برآمدات کے شعبے میں اس کی ساکھ کو بھی متاثر کر سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بھارت اپنی دفاعی مصنوعات کو عالمی سطح پر فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ فیصلہ بھارت کی اس امید پر بھی پانی پھیر سکتا ہے کہ وہ ابھرتی ہوئی معیشتوں کو سستے اور مؤثر دفاعی حل فراہم کر کے عالمی اسلحہ مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھا سکے۔ بھارت کی دفاعی صنعت کو درپیش تکنیکی چیلنجز اور بین الاقوامی معیار پر پورا نہ اترنے والے نظام اس کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
مزیدپڑھیں:ڈیرہ غازی خان میں کچھی کینال ٹوٹ گئی، کوہِ سلیمان سے سیلابی پانی داخل