نئی دہلی(اے بی این نیوز) بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما ء پرمود تیواری نے مودی سرکار کی خارجہ پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے “دکھاوے اور نعرے بازی پر مبنی ناکام حکمت عملی قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت اس وقت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔پرمود تیواری نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران کسی بھی ملک نے بھارت کی کھل کر حمایت نہیں کی، جبکہ پاکستان کو چین، ترکی اور دیگر طاقتور ممالک کی حمایت حاصل رہی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مودی کا ماضی میں دیا گیا نعرہ اب کی بار، ٹرمپ سرکار بھی بری طرح ناکام رہا، کیونکہ ٹرمپ انتظامیہ نے بھارت سے فاصلہ رکھتے ہوئے ثالثی کا کردار ادا کیا اور پاکستان کو ایک برابر فریق تسلیم کیا۔
پرمود تیواری نے مزید کہا کہ مودی غیرملکی دوروں میں مصروف تو رہے، لیکن ان دوروں سے بھارت کو کوئی سفارتی فائدہ حاصل نہ ہو سکا۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت کو ایک ٹھوس، حقیقت پسند اور توازن پر مبنی خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے، نہ کہ صرف تصویریں کھنچوانے اور تقریروں تک محدود رویہ۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی خاموشی اور مودی حکومت کے لیے عدم حمایت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت کی خارجہ پالیسی اس وقت بحران کا شکار ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرزنے کرائے بڑھادیئے