اسلام آباد (اے بی این نیوز) ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کا چھٹا مرحلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ مذاکرات کی میزبانی کرنے والے ملک عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعید نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں تصدیق کی کہ اتوار کو مسقط میں طے شدہ ملاقات نہیں ہو رہی۔
ادھر امریکی حکام نے بھی اس فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس موقع پر ایران کے ساتھ کوئی ملاقات نہیں ہو رہی، تاہم وہ اب بھی مذاکرات کے لیے پُرعزم ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے مذاکرات کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایران کی توجہ دشمن کی جارحیت کے مقابلے پر مرکوز ہے۔ ان کے مطابق امریکہ نے اپنے سفارتی دعوؤں کے باوجود اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کی پرامن جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، اور ایسی صورتحال میں مذاکرات کا حصہ بننا بے معنی ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ مذاکرات عمان کی ثالثی سے ہونے تھے، اور ان کا چھٹا دور اتوار کو مسقط میں طے پایا تھا۔