پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ایک بیان میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کی گئی، ہم معصوم جانوں کے المناک نقصان پر گہرے غمزدہ ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی میں کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ آج علی الصبح اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔