اہم خبریں

سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد امریکا نے ویٹو کردی

واشنگٹن (اے بی این نیوز)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں مستقل جنگ بندی کے مطالبے پر مبنی ایک اہم قرارداد کو امریکہ نے ویٹو کر دیا، جس کے نتیجے میں یہ قرارداد منظور نہ ہو سکی۔ قرارداد کے حق میں سلامتی کونسل کے باقی تمام 14 ارکان نے ووٹ دیا، جن میں پاکستان بھی شامل تھا۔

یہ قرارداد مصر، الجزائر، پاکستان اور دیگر ممالک کی جانب سے پیش کی گئی تھی جس کا مقصد غزہ میں جاری خونریزی کا خاتمہ اور مستقل جنگ بندی کا نفاذ تھا۔ تاہم، امریکہ نے اپنے ویٹو کے حق کا استعمال کرتے ہوئے اس قرارداد کو روک دیا۔امریکی نائب مندوب ڈوتھی شیا نے قرارداد کو ویٹو کرنیکی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو اپنی سلامتی کے تحفظ کا پورا حق حاصل ہے، اوراسرائیلی سکیورٹی کو نقصان پہنچانے والی کوئی بھی چیز قابل قبول نہیں۔

انکا کہنا تھا کہ حماس کو شکست دینا اور اسے دوبارہ خطرہ نہ بننے دینا اسرائیل کا حق ہے۔ڈوتھی شیا نے مزید کہا کہ امریکہ کی مخالفت پر کسی کو حیرانی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ واشنگٹن پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ وہ یکطرفہ طور پر ایسی کسی قرارداد کی حمایت نہیں کریگا جس سے اسرائیل کی دفاعی صلاحیت کو زک پہنچے۔

ادھر پاکستان سمیت دیگر مسلم اور ترقی پذیر ممالک نے اس قرارداد کی بھرپور حمایت کی اور جنگ بندی کو انسانیت کی ضرورت قرار دیا۔ تاہم، امریکہ کے ویٹو کے بعد ایک بار پھر غزہ میں قیامِ امن کی عالمی کوششوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
مزید پڑھیں: وقوف عرفہ آج ادا کیا جائیگا،حجاج کرام کی میدان عرفات آمد جاری

متعلقہ خبریں