نئی دہلی(اے بی این نیوز) چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انیل چوہان کا پاکستان سے شکست کا اعترافی بیان مودی سرکار کے گلے کی ہڈی بن گیا۔جمہوری روایات پامال کرنے پر بھارتی سیاسی رہنماؤں نے مودی سرکار کی پالیسیوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا جبکہ ناکام حکمت عملی پر سخت تنقید کی۔نریندر مودی نے قومی سلامتی کے معاملات پر قوم کو اعتماد میں لیا اور نہ جمہوری اصولوں کا پاس رکھا۔
جمہوری روایات نظر انداز کرنے پر اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔بھارتی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ جنرل انیل چوہان نے جن حقائق کی تصدیق کی بہتر ہوتا یہ وزیر دفاع آل پارٹ میٹنگ میں کرتے، وزیر دفاع نے دو آل پارٹی اجلاسوں کی صدارت کی مگر کوئی وضاحت نہیں دی۔
سینئر کانگریس رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلا کر معلومات دینی چاہئیں تھیں، جنرل انیل چوہان کی سنگین گفتگو کا ادراک پارلیمنٹ میں اپوزیشن سے شیئر کیا جانا چاہیے تھا، سیاسی، سفارتی اور معاشی پہلوؤں پر پارلیمان کی رائے ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن سندور میں چین اور پاکستان کا اشتراک واضح ہوا جس پر سنجیدہ مکالمہ درکار ہے، بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلاتا ہے مگر جمہوری روایات کا احترام نہیں کیا گیا، جنرل انیل چوہان کے نکات صرف عسکری نہیں بلکہ سفارتی، سیاسی اور معاشی حکمت عملی پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الخوارج کے 14 دہشتگرواصل جہنم