اسلام آباد (رضوان عباسی )متحدہ عرب امارات میں انتیس مئی دو ہزار پچیس سے میڈیا سے متعلق نیا قانون نافذ کر دیا گیا ہے۔ یہ قانون ہر اس فرد، ادارے یا سوشل میڈیا صارف پر لاگو ہوتا ہے جو یو اے ای میں میڈیا یا آن لائن سرگرمیوں سے وابستہ ہے۔پاکستانی سفارتخانے ابوظہبی نے پاکستانیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز کے استعمال میں بہت احتیاط برتیں، کیونکہ معمولی غلطی بھی سخت جرمانے یا قانونی کارروائی کا سبب بن سکتی ہے۔ عرب امارات میں نافذ کیے گئے نئے قانون کے تحت مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق، مذہبی عقائد یا اللہ تعالیٰ کی توہین کی صورت میں 10 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ یو اے ای کی قیادت، قومی علامات یا ریاستی اداروں کی بے ادبی پر 5 لاکھ درہم تک جرمانہ ہوگا۔ اسی طرح جھوٹی، فحش یا گمراہ کن معلومات پھیلانے کی صورت میں ایک لاکھ درہم تک جرمانہ لگایا جائے گا۔ فرقہ واریت، شدت پسندی یا دہشتگردی کو فروغ دینے پر 5 لاکھ درہم تک سزا مقرر کی گئی ہے۔ بچوں کی پرائیویسی یا حقوق کی خلاف ورزی پر بھی ایک لاکھ درہم تک جرمانہ ہو سکتا ہے، جبکہ جعلی شناخت اختیار کرنے یا عمر کے قانونی تقاضوں کو نظر انداز کرنے کی صورت میں ایک لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ تمام پاکستانی شہری، خاص طور پر نوجوان، یو اے ای کے قانون، روایات اور مذہبی حساسیت کو سمجھیں اور مکمل احترام کریں، کیونکہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں معافی کی گنجائش نہیں.
