جاپان کے شمالی علاقے ہوکائیڈو میں 6.1 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ 31 مئی کو شام 5 بج کر 37 منٹ پر آیا۔
جاپانی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز کوشیرو کے جنوب مشرق میں تھا اور اس کی گہرائی 20 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ شدید جھٹکے کوشیرو سٹی، کشیرو ٹاؤن اور شیبیچا ٹاؤن میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کی شدت جاپانی سیزمک اسکیل پر 4 ریکارڈ کی گئی، جس کا زیادہ سے زیادہ درجہ 7 ہوتا ہے۔
تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ ماہرین پہلے ہی جاپان میں تباہ کن زلزلے کے خدشے سے خبردار کر چکے ہیں۔