کابل (اے بی این نیوز)پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سفیر تعینات کرنے کے فیصلے کے بعد اہم سفارتی پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت افغان طالبان حکومت نے بھی پاکستان کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسلام آباد میں موجود اپنے ناظم الامور کو سفیر کے درجے پر ترقی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، اور یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کی راہ ہموار کرے گا۔پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سفیر کی تعیناتی کا فیصلہ حالیہ سفارتی روابط میں بہتری اور باہمی مشاورت کے بعد سامنے آیا ہے، جسے علاقائی سطح پر ایک مثبت پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر یہ پیشرفت تجارتی، سیکیورٹی اور مہاجرین جیسے اہم معاملات پر براہ راست بات چیت کے دروازے کھولنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم شہبازشریف جرگے میں شرکت کیلئے کوئٹہ پہنچ گئے