نئی دہلی (اے بی این نیوز)بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سیاحت کو گلے لگاتا ہے، پاکستان دہشت گردی کو سیاحت سمجھتا ہے، یہ ذہنیت دنیا کیلئے خطرہ ہے
، پاکستانی عوام سے کہتا ہوں سکھ چین کی زندگی جیو، روٹی کھاؤ، ورنہ میری گولی تو ہے ہی۔بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے دورے کے دوران بھوج کے لیے ترقیاتی پیکیج کے اعلان کے دوران جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کو تباہ کر رہی ہے، پاکستانی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کریں۔
’گجرات کے قصائی‘ کا لقب پانے والے بھارتی وزیراعظم نے سنگین الزام عائد کیا کہ دہشت گردی آپ (پاکستان) کی حکومت اور فوج کے لیے پیسہ کمانے کا ذریعہ ہے، پاکستانی عوام کو آگے آکر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خوشحال اور پُرامن زندگی گزاریں، روٹی کھائیں، ورنہ میری گولی تو ہے ہی (سکھ چین کی زندگی جیو، روٹی کھاؤ، ورنہ میری گولی تو ہے ہی)۔
بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی نے کہا کہ آپریشن سندور پہلگام حملے کا براہِ راست جواب تھا اور واضح کیا کہ اگر بھارت کو دوبارہ اُکسایا گیا تو وہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے سے ہچکچائے گا نہیں۔
واضح رہے کہ نریندر مودی، پاکستان کے آپریشن ’بنیان المرصوص‘ کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، بھارت کے سنجیدہ حلقے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں، جنگ میں ذلت آمیز شکست پر پردہ ڈالنے اور اپنے ووٹرز کو لبھانے کے لیے وہ اس طرح کی گیدڑ بھبکیوں کا سہارا لے رہے ہیں۔
اس سے قبل بھی مودی نے اپنے تئیں دھمکی دی تھی کہ بھارتی دریاؤں سے پاکستان کو ایک بوند پانی بھی نہیں ملے گا، تاہم پاکستان نے پانی کو 24 کروڑ لوگوں کی لائف لائن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسا کوئی بھی اقدام جنگ تصور کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے 3 ہزار ارب کے گردشی قرضہ ختم کرنے کا منصوبہ آئی ایم ایف کے سپرد کردیا