آسام (اے بی این نیوز )پہلگام حملے کو بھارت کی سازش کہنے پر آسام کے رکن اسمبلی کو گرفتار کر لیا گیا۔آسام کے ایم ایل اے (ممبر آف اسمبلی) امین الاسلام کو پہلگام حملے کو بھارت کی سازش قرار دینے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آسام پولیس نے امین الاسلام کے تبصروں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اپنے طور پر (سو موٹو) مقدمہ درج کیا۔متعلقہ پولیس نے کہا ہے کہ ‘ایم ایل اے امین الاسلام کے گمراہ کن اور اشتعال انگیز بیان پر مبنی جو ویڈیو وائرل ہوا تھا اس سے منفی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ تھا، اس لیے ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے ایم ایل اے امین الاسلام کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حمایت کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
مزید پڑھیں :بھارتی فضائیہ بھی بوکھلاہٹ کا شکار، اپنی ہی آبادی کو نشانہ بنا ڈالا،بھاری جانی مالی نقصان