اسلام آباد ( اے بی این نیوز )کینیڈا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ تجارتی ٹیرف کے جواب میں غیر معمولی اقدامات کرتے ہوئے الاسکا جانے والے ہر امریکی ٹرک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا ہے، جس سے ٹرمپ انتظامیہ کو بڑا دھچکہ پہنچا ہے۔
ٹرمپ نے چین، کینیڈا، میکسیکو، یورپی یونین، بھارت، پاکستان اور دیگر ممالک پر درآمدی ٹیرف لگا کر عالمی سطح پر ایک تجارتی جنگ چھیڑ دی تھی۔ ان اقدامات سے دنیا بھر میں اقتصادی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے، اور کھربوں ڈالرز کے نقصان کا سامنا کیا جا رہا ہے۔
امریکا کے ان ٹیرف اقدامات کے جواب میں جن ممالک نے جوابی اقدامات کیے ہیں، ان کے اثرات نہ صرف امریکا بلکہ عالمی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔ اس تناظر میں کینیڈا نے انتہائی سوچ بچار کے بعد جذباتی ردعمل کے بجائے حکمت عملی کے تحت جو اقدامات کیے، انہوں نے خود ٹرمپ کو بھی حیران کر دیا۔
کینیڈا، جس کی کل آبادی تقریباً 40 ملین ہے، جو امریکا کی ایک ریاست کیلی فورنیا کے برابر ہے، نے متوازن اور موثر انداز میں امریکی پالیسیوں کا جواب دیا ہے، جسے عالمی سطح پر ایک منفرد مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔