غزہ ( اے بی این نیوز )حماس کے رہنما صلاح البرداویل اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے، مزاحمتی گروپ نے بدلہ لینے کا عزم کیا ہے۔ اسرائیلی فوج جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔ حماس کے سینئر رہنما صلاح البرداویل اور ان کی اہلیہ آج کے فضائی حملے میں مارے گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صلاح البرداویل اپنی اہلیہ کے ساتھ خیمے میں موجود تھے جب اسرائیلی فوج نے علاقے پر بمباری کی۔اسرائیل کے تازہ ترین فضائی حملے میں کم از کم 35 فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے صلاح البرداویل حماس کے سرکردہ رہنماؤں میں سے ایک اور فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے علاقے مواسی پر اس وقت بمباری کی جب البردویل نماز ادا کر رہے تھے اور ان کی اہلیہ بھی وہاں موجود تھیں۔
اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہونے والے صلاح البرداویل کا شمار حماس کے اہم رہنماؤں میں ہوتا تھا اور ایک نمایاں شخصیت تھے، جو ہمیشہ اندرونی اور بیرونی طور پر اہم کردار ادا کرتے تھے۔صلاح البرداویل اگست 1959 میں خان یونس پناہ گزین کیمپ میں پیدا ہوئے، ان کا آبائی شہر الجراح تھا جو اب اسرائیلی قبضے میں ہے۔
انھوں نے 1982 میں قاہرہ یونیورسٹی سے عربی میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی، جب کہ 1987 میں انھوں نے فلسطینی ادب میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی اور 2001 میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
صلاح البرداویل نے صحافت کے شعبے میں بھی خدمات انجام دیں، وہ الرسالہ اخبار کے بانی اور ایڈیٹر انچیف تھے، ان کے کیریئر کا آغاز 1990 کی دہائی میں ہوا۔1996 میں جب فلسطینی اتھارٹی نے حماس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تو اس نے نیشنل سالویشن پارٹی کی بنیاد رکھی۔
صلاح البردویل 2006 میں حماس کے اصلاحات اور تبدیلی کے بلاک کے تحت فلسطینی قانون ساز کونسل کے لیے منتخب ہوئے، اور انہوں نے سیاسی اور نگرانی کی کمیٹیوں سمیت مختلف پارلیمانی کمیٹیوں میں خدمات انجام دیں۔
صلاح البرداویل عرب میڈیا میں حماس کے ترجمان کے طور پر کافی سرگرم رہے ہیں، فلسطین کے مسئلے پر مضامین اور تحقیقی مقالے لکھتے ہیں۔ وہ 2021 میں حماس کے سیاسی بیورو کے رکن کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔ صلاح البرداویل کی 5 بیٹیاں اور 3 بیٹے ہیں۔دوسری جانب حماس نے اسرائیل کو دھمکی دی ہے کہ صلاح البرداویل کی شہادت کا بدلہ لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں :ترکی ،ہنگامے پھوٹ پڑے،استنبول کامیئرعدالت پیش، جیل بھیجنےکاحکم،اردوان کوشکست دونگا،امام اوغلو