اہم خبریں

شمالی مقدونیہ کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے51 افراد ہلاک ،100سے زائد زخمی

مقدونیہ (اے بی این نیوز)شمالی مقدونیہ کے شہر کوچانی کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 51 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

امریکی نیوز ویب سائٹ سی این این کے مطابق شمالی مقدونیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایم آئی اے‘ کے مطابق ملک کے وزیر داخلہ پنچے توشکوفسکی نے اتوار کی صبح ایک پریس کانفرنس میں ہلاکتوں کا اعلان کیا۔ملک کے وزیر انصاف ایگور فلکوف نے کہا ہے کہ اس سانحے میں زخمی ہونے والے 80 سے زائد افراد کو ملک کے دارالحکومت اسکوپجے کے اسپتالوں اور کلینکس میں منتقل کیا گیا ہے، اور سانحے میں ملوث تمام افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

مقامی میڈیا کے مطابق آگ کوچانی کے ’پلس‘ نائٹ کلب میں لگی۔اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے مطابق مقدونیہ کا پاپ گروپ ڈی این اے ہفتے کی رات کلب میں پرفارم کر رہا تھا، اس دوران خوف ناک آگ بھڑک اٹھی۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق مقدونیہ میں مقبول ہپ ہاپ جوڑی ’ڈی این کے‘ کے کنسرٹ کے دوران چھوٹے سے قصبے کے نائٹ کلب ’پلس‘ میں آگ لگ گئی، اس قصبے میں تقریباً 30 ہزار افراد رہتے ہیں۔اتوار کی آدھی رات کو شروع ہونے والے کنسرٹ میں زیادہ تر نوجوان شریک تھے۔

آن لائن میڈیا ادارے ’ایس ڈی کے‘ نے خبر دی ہے کہ آگ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بجے لگی اور ریسکیو ذرائع کے حوالے سے 100 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔

زخمیوں کو یا تو مقامی کوکانی ہسپتال لے جایا گیا، یا شہر سے تقریبا 30 کلومیٹر جنوب میں واقع اسٹیپ لے جایا گیا۔مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر پائروٹیکنک ڈیوائسز کے استعمال کی وجہ سے لگی۔
مزید پڑھیں: فیس بک نے صارفین کو پیسے کمانے کا آسان ترین موقع فراہم کردیا

متعلقہ خبریں