اہم خبریں

ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں کون کونسے پی ٹی آئی رہنما شریک ہونیوالے ہیں؟ جانیں

امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے متعدد اہم رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے، تاہم بعض رہنماؤں نے سیاسی وجوہات کی بنا پر اس میں شرکت سے گریز کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور پاکستان کے سابق صدر عارف علوی کو بھی دعوت دی گئی تھی، مگر دونوں نے تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا۔

پی ٹی آئی کے کئی رہنما حلف برداری میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچ چکے ہیں، جن میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سر فہرست ہیں۔ اٹک سے تعلق رکھنے والے میجر (ر) طاہر صادق، جو 2018 کے انتخابات میں کامیاب ہو کر ن لیگ کے شیخ آفتاب کو شکست دے چکے ہیں، بھی اس تقریب کا حصہ ہوں گے۔

دیگر اہم رہنما جنہوں نے حلف برداری میں شرکت کی تصدیق کی ہے، ان میں پی ٹی آئی کے عالمی چیپٹرز کے سیکرٹری سجاد برکی، عمران خان کے مشیر عاطف خان اور عالمی امور کے نائب سیکرٹری جنید بشیر شامل ہیں۔ سابق وزیراعظم کے قریبی ساتھی سلمان احمد بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔

اس کے علاوہ، فرسٹ پاکستان گلوبل فورم کے ڈاکٹر عثمان ملک اور ڈاکٹر سائرہ بلال بھی تقریب کا حصہ ہوں گے، جو پی ٹی آئی کے امریکا میں اہم حامی ہیں۔ ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے جواں انور، جو نومنتخب صدر کی انتخابی مہم میں ایک اہم مالی معاونت فراہم کرنے والوں میں شامل ہیں، بھی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔

متعلقہ خبریں