نئی دہلی (نیوزڈیسک)سیاحت کے 2 شوقین افراد نے 4 دن سے بھی کم وقت میں ساتوں براعظم کا سفر کرکے اپنا نام عالمی ریکارڈ میں درج کروالیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو بھارتی سیاحوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں کُل 4 دنوں سے بھی کم وقت میں ساتوں براعظموں کا سفر مکمل کرکے اپنا نام درج کروا لیا۔علی ایرانی اور سجوئے کمار مترا نامی دو سیاحوں نے کُل 3 دن، 1 گھنٹے، 5 منٹ اور 4 سیکنڈ (73 گھنٹے اور 305 سیکنڈز) میں ساتوں براعظم کا سفر طے کیا ہے جو بظاہر ناممکن تھا۔علی ایرانی جو پیشے سے ماہر نفسیات ہیں، نے اپنے دوست سجوئے کمار مترا کے ساتھ گزشتہ ماہ کے آغاز میں 4 دسمبر کو انٹارکٹیکا سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور 7 دسمبر کو میلبرن پہنچ کر ساتوں براعظم کا اپنا یہ سفر مکمل کیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل 2020 میں متحدہ عرب امارات کی خولہ الرومیتھی نے تین روز 14 گھنٹے، 46 منٹ اور 48 سیکنڈ میں اپنا سفر مکمل کیا تھا۔یہ ریکارڈ لگ بھگ 13 گھنٹے کے فرق سے اب بھارتی سیاحوں نے توڑ دیا ہے۔