ممبئی ( نیوز ڈیسک )بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں سنگدل شوہر نے تیسری بیٹی کی پیدائش پر بیوی کو آگ لگادی جس سے خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ کندلیپ اتم کالے نے جمعرات کے روز اپنی بیوی پر مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔خاتون کی بہن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس کے مطابق تیسری بیٹی کی پیدائش کے بعد سے کندلیپ اپنی بیوی کو طعنے دیتا تھا، وہ چاہتا تھا کہ اسکے ہاں بیٹے کی پیدائش ہو اور اسی وجہ سے انکے درمیان لڑائی جھگڑے رہتے تھے۔پولیس کے مطابق اسی بات پر جمعرات کی شب دونوں میں شدید بحث ہوئی جسکا اختتام اس وقت ہوا جب سفاک شوہر نے بیوی پر پٹرول چھڑکا اور آگ لگادی۔
خاتون آگ لگنے کے بعد باہر بھاگیں اور لوگوں سے مدد کی اپیل کی، جب تک لوگ انہیں بچانے یا آگ بجھانے آئے تب تک وہ کافی حد تک جھلس چکی تھیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم کو بیوی کو قتل کرنے کے جرم میں فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا اور معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: نیوز اینکر کو گولی مار کر شوہر نے خود کشی کرلی