اہم خبریں

ڈھائی سو سال بعدسفید گردن والا عقاب باضابطہ طور پر امریکا کا قومی پرندہ قرار

واشنگٹن: سفید گردن والے عقاب کو 250 سال بعد باضابطہ طور پر امریکا کا قومی پرندہ قرار دے دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، سفید سر اور سفید گردن والا عقاب اب امریکا کا باضابطہ قومی پرندہ بن چکا ہے۔ یہ پرندے کبھی معدومیت کے قریب پہنچ گئے تھے لیکن 2009 کے بعد سے ان کی تعداد میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے۔

صدر جو بائیڈن نے کرسمس کے موقع پر کانگریس کی جانب سے عقاب کو قومی پرندہ قرار دینے کے بل پر دستخط کیے، جس کے نتیجے میں سفید سر اور پیلی چونچ والا یہ شکاری پرندہ قومی اعزاز کا حامل بن گیا۔

بالڈ ایگل کو کئی دہائیوں سے امریکا کی قومی علامت کے طور پر پہچانا جاتا رہا ہے، اور 1782 میں اسے قومی نشان کے طور پر منتخب کر لیا گیا تھا۔ اس کے بعد یہ پرندہ امریکی سرکاری دستاویزات، صدارتی پرچم، فوجی علامتوں اور کرنسی نوٹوں پر نظر آتا ہے۔ تاہم، 250 سال بعد یہ پرندہ قانونی طور پر امریکا کا قومی پرندہ بھی بن گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بالڈ ایگل کو باضابطہ طور پر قومی پرندہ کبھی نہیں قرار دیا گیا تھا، لیکن پچھلے ہفتے کانگریس نے اس حوالے سے ایک بل منظور کیا۔ نیشنل ایگل سینٹر کے شریک چیئرمین جیک ڈیوس نے کہا، “تقریباً 250 سال تک ہم نے گنجے عقاب کو قومی پرندہ کہا، حالانکہ یہ باضابطہ نہیں تھا، لیکن اب یہ سرکاری حیثیت اختیار کر چکا ہے اور کوئی پرندہ اس کا زیادہ مستحق نہیں ہے۔”

متعلقہ خبریں