اسلام آباد (اے بی این نیوز )اسلام آباد (رضوان عباسی)رواں مالی سال کے پہلے دو جولائی-اگست 2024) کے دوران پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے ملکی معیشت کو حوصلہ افزا فروغ ملا ہے۔ ذرائع کے مطابق، سنگاپور کے لیے برآمدات میں حیران کن 585 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ قازقستان کے لیے برآمدات میں 528 فیصد کی شاندار بڑھوتری ریکارڈ کی گئی۔فلپائن کے لیے بھی برآمدات 148 فیصد بڑھیں، جس سے پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
اسی دوران متحدہ عرب امارات کے لیے برآمدات میں 56 فیصد، سری لنکا کے لیے 50 فیصد، افغانستان کے لیے 42 فیصد اور بنگلہ دیش کے لیے 34 فیصد اضافہ ہوا۔مزید برآں، عمان کے لیے برآمدات میں 35 فیصد جبکہ سعودی عرب کے لیے 24 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکہ کے لیے برآمدات میں 12.5 فیصد، اٹلی کے لیے 12.6 فیصد، جرمنی کے لیے 12.3 فیصد اور برطانیہ کے لیے 5.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ذرائع کے مطابق، جولائی-اگست 2024 کے دوران امریکہ کے لیے پاکستانی برآمدات کا حجم سب سے زیادہ 98 کروڑ ڈالر رہا، جبکہ برطانیہ کے لیے 37 کروڑ ڈالر اور چین کے لیے 31 کروڑ ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔
متحدہ عرب امارات کے لیے 29 کروڑ 35 لاکھ ڈالر اور جرمنی کے لیے 28 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔برآمدات میں اس اضافہ سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی رفتار میں تیزی آنے کی امید کی جا رہی ہے، جبکہ برآمد کنندگان کو بھی نئے اور متنوع منڈیوں میں مواقع میسر آ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں :پنجاب میں آٹا سستا، شہر قائد کے باسی مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور