اسلام آباد( اے بی این نیوز )ناروے میں مقیم ایک سیاسی جماعت پارٹیٹ سنٹرم نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ انسانی حقوق سمیت کئی اہم شعبوں میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کی پارٹی نے تصدیق بھی کر دی ہے۔
ایکس پر ایک بیان میںسینٹر لیفٹ پارٹیٹ سنٹرم نے لکھا کہ دونوں سیاسی جماعتیں انسانی حقوق، ماحولیاتی مسائل اور سیاسی اخلاقیات جیسے شعبوں میں مل کر کام کریں گی۔ “ہم اس تعاون اور ایک دوسرے سے سیکھنے کے منتظر ہیں،” پارٹی کے ترجمان نے مزید کہا۔
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ہونے والی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون شہباز گل نے پی ٹی آئی کی نمائندگی کی۔ ناروے کی پارٹی کی نمائندگی انسانی حقوق کے وکیل اور اس کے چیئرمین گیئر لپسٹیڈ نے کی۔
گیئر لپسٹیڈ نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ہماری پارٹی عمران خان کی قید سمیت پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ ہے۔ پاکستان کی سپریم کورٹ اب آزاد نہیں ہے اور سیاسی کنٹرول میں ہے۔ صحافی، خواتین اور دیگر بے گناہ لوگ جیل میں ہیں،‘‘ پارٹی چیئرمین نے کہا۔
پارٹی سینٹرم کے سربراہ نے ناروے اور اسکینڈینیویا میں آگاہی مہم چلانے اور پاکستان میں انسانی حقوق کے لیے لڑنے کا اعلان کیا۔ “میں عمران خان کے کیس اور پاکستان میں قید دیگر افراد کو ان کی آزادی کے لیے اجاگر کروں گا۔”
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روزنامہ اوصاف سے بات کرنے والے پی ٹی آئی کے اندرونی ذرائع کے مطابق نارویجن پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعظم سے ملاقات کے لیے پاکستان بھی جائیں گے، جو اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعت ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی عدالت میں درخواست دائر کرے گی۔
مزید پڑھیں :شبیر تنولی نامی ایس ایچ او نے قیدی وین کے شیشے توڑے اور قیدیوں کو بھاگنے کا کہا،شیخ وقاص اکرم