واشنگٹن (رضوان عباسی )امریکہ میں پاکستان کے سفیر، رضوان سعید شیخ نے امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط اور دیرپا بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لئے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن واشنگٹن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا، ہمیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ہر پہلو کو بہتر بنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔
پاکستانی سفارتخانہ اس مقصد کے حصول کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے اور یہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمیت مختلف شعبہ جات میں اپنا مقام حاصل کر رہی ہے اور یہی نوجوان نسل مستقبل میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ہماری کوشش ہے کہ ہم امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر، ٹیم ورک کے ذریعے، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مزید بہتری لائیں۔سفیر نے اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے روشن مستقبل کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات دنیا میں استحکام، امن، اور ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔
پاکستانی سفارتخانہ، واشنگٹن میں اپنی ذمہ داریوں کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں نبھا رہا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔سفیر نے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مزید ملاقاتیں کرنے اور انہیں درپیش چیلنجز کے حل کے لئے تعاون کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن (PAPA) کی جانب سے امریکہ میں نئے تعینات سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کے اعزاز میں منعقدہ پروقار استقبالیہ تقریب میں PAPA کے صدر خرم شہزاد اور جنرل سیکرٹری یوسف چوہدری نے اپنے خطاب میں مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم کی خدمات کو سراہا۔ مقررین نے PAPA کی کمیونٹی کے لیے دی جانے والی بے لوث خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 2017 میں صرف سات افراد کی محنت سے قائم ہونے والی اس غیر سیاسی اور غیر مذہبی تنظیم نے مختصر عرصے میں پورے امریکہ میں اپنے سو سے زائد ممبران کا نیٹ ورک بنا کر ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے۔
سٹیٹ آفس امریکہ کے سینئر آفیسر ولید ہاشمی، سابق سفیر اکبر احمد، معروف کمیونٹی لیڈر ساجد تارڑ، اور سینئر صحافی عائشہ تنطیم سمیت دیگر مقررین نے کہا ہے کہ PAPA نے اوورسیز پاکستانیوں کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جہاں نوجوانوں اور مختلف مکاتب فکر کے افراد کو جوڑا جاتا ہے اور پاکستان سے آنے والے معزز مہمانوں کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد لائق تحسین ہے ۔تقریب کے دوران PAPA کی جانب سے ولید ہاشمی، فوزیہ قصوری، اکبر احمد، اور ساجد تارڑ کو کمیونٹی کے لیے ان کی شاندار خدمات پر تعریفی شیلڈز پیش کی گئیں۔
اس موقع پر سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کو بھی کمیونٹی میں ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا، جس پر انہوں نے پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم کی خدمات کو مزید فروغ دینے کا عزم کیا۔پاپا کی یہ تقریب امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے درمیان ربط بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں :