واشنگٹن (رضوان عباسی سے )چیئرمین بورڈ آف گورنرز اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (OPF) سید قمر شاہ نے اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت، تعلیم اور ہاؤسنگ سوسائٹیز سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات ترجیح ہونگی ۔ ورجینیا میں ایک استقبالیہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے سید قمر شاہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی طلباء کے لیے پاکستان کے مطالعاتی دورے کرائے جائیں گے تاکہ نئی نسل اپنی ثقافت اور تاریخ سے واقف ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے دو سو باکردار اور قابل اوورسیز پاکستانیوں پر مشتمل ایک ایڈوائزری گروپ تشکیل دیا جا رہا ہے جو حکومت کے ساتھ مشاورت میں شریک ہو گا۔ اس کے علاوہ دسمبر میں ایک عظیم الشان اوورسیز کنونشن منعقد کیا جائے گا جس میں وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف شرکت کریں گے۔
سید قمر شاہ نے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تعلیم، صحت اور ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق میٹنگز کر رہے ہیں تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ او پی ایف اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور چھ ماہ کے اندر عوام کو کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا۔
تقریب میں بڑی تعداد میں واشنگٹن اور ورجینیا کے اوورسیز پاکستانیوں سمیت معروف صحافیوں تقریب میں میڈیا کے مختلف نمائندے جیسے اصفر امام (نیوز ون)، علی عمران (وائس آف امریکہ)، عاصم صدیقی (کیپیٹل ٹی وی)، اسد حسن (وائس آف امریکہ)، اور معروف کاروباری شخصیات جیسے ملک یوسف، نعیم ملک جمال اسد چوہدری دیگر شخصیات نے نے شرکت کی۔ سید قمر شاہ نے مزید کہا کہ انہیں اوورسیز پاکستانیوں سے کسی مالی امداد کی ضرورت نہیں بلکہ ان کی اخلاقی حمایت درکار ہے تاکہ وہ ان کے مسائل کو مزید بہتر طریقے سے حل کر سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ان کی مشاورت سے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔