لندن(نیوزڈیسک)بھارتی نژاد برطانوی یوٹیوبر نے دنیا کا سب سے بڑا آئی فون بناکر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروادیا۔ اس تخلیق کار نے پونے 7 فٹ لمبا موبائل فون بنا کر سب کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوٹیوب پر مسٹر ہوز دا باس کے نام سے مشہور برطانوی ٹیکنالوجی مواد کے تخلیق کار ارون روپیش مینی نے دنیا کا سب سے بڑا اسمارٹ فون بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔
ان کے تیار کردہ آئی فون 15 پرو میکس کی اونچائی 6.74 فٹ ہے۔
ارون نے ایپل کے فلیگ شپ اسمارٹ فون کا بڑا ورژن تیار کرنے کا چیلنج قبول کیا تھا۔ اس منصوبے میں ان کی مدد گیجٹ بنانے کے ماہر ڈی آئی وائے پرکس کے میتھیو پرکس نے کی تھی۔
دونوں کے اشتراک سے یہ چلتا پھرتا آئی فون بنایا گیا جس نے ناصرف پچھلے تمام ریکارڈز کو توڑ دیا بلکہ لوگوں کی توجہ بھی حاصل کرلی۔
اس بڑی کامیابی کے بعد ارون کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی ٹیم اور میتھیو پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ ہم نے وہ کیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔‘
واضح رہے کہ ارون نے 2011 میں یوٹیوب پر مواد اپ لوڈ کرنا شروع کیا تھا اور نت نئی ٹیکنالوجی سے متعلق اپنے جائزوں کی بدولت بہت بڑی فالوونگ حاصل کی تھی۔
انہوں نے یہ بڑا آئی فون اُس موقع پر تیار کیا جب ان کے یوٹیوب سبسکرائبرز کی تعداد ایپل سے زیادہ ہو گئی تھی۔