راولپنڈی (نیوزڈیسک)آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسزکی گزشتہ رات خفیہ اطلاعات پرکیچ، پنجگور،ژوب میں کارروائیاں ہوئی ہیں،کارروائیوں میں فائرنگ کے تبادلےمیں 5 دہشتگرد ہلاک ، 3 زخمی ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹرسروس پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ رات خفیہ اطلاعات پر کیچ ، پنجگور اور ژوب میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کئے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا۔ 3 امن دشمن زخمی بھی ہوئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 26 اگست کے حملوں کے پس منظرمیں کی گئیں، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں26 اگست کے حملوں میں ملوث تمام دہشتگردوں کو کٹہرے میں لانےتک جاری رہیں گی، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
کامیاب کارروائیوں پر وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہاکہ ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اَس کے خلاف جنگ جاری رہے گی، ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو نشانِ عبرت بنائیں گے۔