اہم خبریں

پاکستان سائبر کرائمز کے چیلنج سے نمٹنےکیلئے برطانیہ کی حمایت کا خیر مقدم کریگا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کو کہا کہ پاکستان سائبر کرائمز کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے برطانیہ کی حمایت کا خیر مقدم کرے گا۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے انسداد سمگلنگ ایکٹ 1977 میں ترمیم کی سفارش کردی
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل جیمز بیبیج اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل سیکیورٹی آف فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس جوناتھن ایلن سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کو برطانوی اداروں کے کام کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور قریبی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی افسران کو سائبر کرائمز اور انسداد منشیات کے حوالے سے نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے تربیت دی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے منشیات کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک کے درمیان زیادہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔محسن نقوی نے نشاندہی کی کہ پاکستانی قوم اور افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس لعنت سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ نے لندن میں کیبنٹ آفس نیشنل سیچویشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے مرکز کے کام میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحران جیسی صورتحال میں ایسے مرکز کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں بھی نیشنل سیٹویشن سنٹر کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا۔ وہ اس سلسلے میں برطانیہ کے تجربے اور مہارت سے بھی استفادہ کریں گے۔ یہ شراکت داری نہ صرف ہمارے حال بلکہ مستقبل کو بھی محفوظ بنائے گی۔

متعلقہ خبریں