اہم خبریں

ایرانی صدر کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف بھی شرکت کریں گے

تہران(نیوز ڈیسک )ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر کی نماز جنازہ آج تہران میں ادا کی جائے گی، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ایران روانہ ہوں گے۔

سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای تہران میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ رئیسی کو جمعرات کو مشہد مقدس میں سپرد خاک کیا جائے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم ایران کے ایک روزہ دورے پر تہران جائیں گے۔یہ بھی اطلاع ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ اور تدفین مشہد مقدس میں امام علی رضا کے مزار کے احاطے میں کی جائے گی۔

گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ بھی ایران کے شہر قم میں ادا کی گئی۔واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کے بعد نائب صدر محمد مخبر نے صدارتی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ ایران میں 28 جون کو باقاعدہ صدارتی انتخابات ہوں گے۔

متعلقہ خبریں