دبئی( نیوز ڈیسک )متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، ملک میں بارشوں کا 75 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔متحدہ عرب امارات میں حکام نے شدید بارشوں اور ژالہ باری کے بعد بیشتر علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں :خیبرپختونخوا ، بارشوں سے حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 32 ہو گئی
دبئی، شارجہ اور ابوظہبی سمیت متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد بڑے علاقے اور سڑکیں زیر آب آگئیں، درجنوں میٹرو اسٹیشن اور انڈر پاسز زیر آب آگئے۔
دبئی کی اہم ترین شاہراہ شیخ زید روڈ کے کئی حصے بند کردیئے گئے جس کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور کئی گھنٹے تک شدید ٹریفک جام رہا۔بارش کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا، سیکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جس سے ہزاروں مسافر پھنس گئے،
القوا کے علاقے میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جب کہ راس الخامیہ میں ایک شہری بہہ گیا۔آسمانی بجلی اور ژالہ باری کی پیش گوئی کے پیش نظر اماراتی حکام نے ایک نئی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں عوام کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اماراتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش (آج) بدھ تک جاری رہ سکتی ہے۔ غیر یقینی صورتحال کے باعث اسکولوں کے اوقات کار بھی متاثر ہوئے ہیں، تعلیمی ادارے بند کرکے آن لائن کلاسز میں منتقل کردیئے گئے ہیں۔