دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے زکوٰة الفطر کی مقدار کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فتویٰ کونسل کی طرف سے صدقہ عید الفطر کی مقدار نقدی کی صورت میں 25درہم (تقریباً 1900روپے)فی کس اور جنس کی صورت میں اڑھائی کلوگرام چاول فی کس مقدار مقرر کی گئی ہے۔
کونسل کی طرف سے رمضان المبارک کے روزے چھوڑنے کا کفارہ 900درہم مقرر کیا گیا ہے جو 60غریبوں کو کھلائے جانے والے کھانے کی قیمت کے مترادف ہے۔ کونسل نے ایک روزہ چھوڑنے پر کفارہ کے طور پر ادا کی جانے والی ایک غریب کی خوراک کی قیمت 15درہم یا سوا 3کلوگرام گندم مقرر کی ہے۔
کونسل کے مطابق جو لوگ اپنے چھوڑے گئے روزوں کا کفارہ ادا کیے بغیر انتقال کر گئے، ان کے لواحقین کو یہ رقم ادا کرنی ہو گی۔ ان لوگوں کے لیے جنہوں نے بغیر کسی معقول وجہ کے گزشتہ رمضان المبارک کے چھوڑے ہوئے روزوں کے کفارے کی ادائیگی میں تاخیر کی، کونسل نے ان کے لیے ہر ایک دن کا کفارہ 15درہم مقرر کیا ہے۔ یہ رقم غریبوں اور مسکینوں کو ادا کی جائے گی۔
عرب امارات میں آن لائن زکوٰۃ الفطر کیسے ادا کریں؟
آئی اے سی اے ڈی کی ہدایات کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے رہائشی اپنے کسی جاننے والے کو براہ راست زکوٰۃ الفطر دے سکتے ہیں، یا آپ رجسٹرڈ تنظیموں کے ذریعے رقم ادا کر سکتے ہیں۔
آپ ایمریٹس ریڈ کریسنٹ، بیت الخیر، شارجہ چیریٹی انٹرنیشنل، اور دیگر فلاحی تنظیموں کو بھی ادائیگی کر سکتے ہیں۔